ملاکنڈ (مانند نیوز)ملاکنڈ میں یوم آزادی اور معرکہ حق جوش و خروش کیساتھ منایا گیا۔ جشنِ آزادی اور معرکہ حق کے موقع پر ضلع بھر میں شاندار تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ جشنِ آزادی اور ”معرکہ حق” کے سلسلے میں مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس ملاکنڈ میں منعقد ہوا جس میں طلبہ و طالبات نے ملی نغمے، نعت، تقاریر اور ٹیبلو پیش کر کے وطن سے اپنی محبت اور اتحاد کا جذبہ اجاگر کیا۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ حامد الرحمٰن نے ملاکنڈ بورڈ میں پہلی اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات سمیت مختلف مقابلوں میں حصہ لینے والے طلبہ و طالبات کو محکمہ امورِ نوجوانان ملاکنڈ کی جانب سے سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات سے نوازا۔ تقریب کے اختتام پر آزادی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں طلبہ، اساتذہ، معزز مہمانان اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ واک کے شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضاء گونجتی رہی۔ اس کے علاوہ ضلع ملاکنڈ میں معرکہ حق اور جشنِ آزادی کے موقع پر تقریری، کوئز اور ملی نغموں کے شاندار مقابلے منعقد ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ، حامد الرحمٰن کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ یوتھ افیئرز ملاکنڈ کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج درگئی میں تقریری، کوئز اور ملی نغموں کے مقابلوں کی پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مقابلوں میں طلبہ نے بھرپور جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا جبکہ معزز مہمانوں اور منتظمین کو اعزازی شیلڈز اور تحائف پیش کئے گے۔ شرکاء نے اس تقریب کو طلبہ کی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور قومی یکجہتی کے فروغ کا بہترین ذریعہ قرار دیا۔