کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ رحیم اللہ محسود کی زیر صدارت ریونیو افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) حامد اقبال اور دیگر انتظامی افسران کے علاوہ ریونیو کے افسران و اہلکاران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ریونیو افسران نے اپنی اپنی تحصیلوں کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے ہدایت کی کہ عوام کو ریونیو ریکارڈ تک آسان اور بروقت رسائی، نقولات اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر آ سکے۔ مزید برآں اجلاس میں ریونیو اہلکاران کی پوسٹنگ اور ٹرانسفر کا عمل بھی مکمل کیا گیا۔ یہ عمل شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے قرعہ اندازی کے ذریعے انجام دیا گیا۔ قرعہ اندازی کا انعقاد تمام اہلکاران کی موجودگی میں کیا گیا جبکہ پرچے ریونیو افسران و اہلکاران نے خود نکالے۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے واضح کیا کہ میرٹ اور شفافیت کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا اور عوامی سہولت کیلئے ریونیو نظام کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات جاری رہیں گے۔