بریکوٹ (مانند نیوز) تحصیل بریکوٹ میں جعلی حکیموں اور عطائی ڈاکٹروں کا راج متعلقہ ادارے خاموش، عوام کی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں۔ تحصیل بریکوٹ میں غیر قانونی، جعلی اور غیر رجسٹرڈ حکیموں سمیت ہومیوپیتھک ڈاکٹروں کی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ افراد خطرناک بیماریوں جیسے ایچ آئی وی، ایچ سی وی، فالج، کورونا، ڈینگی، اور ٹائیفائیڈ کا علاج "گارنٹی کے ساتھ” کرنے کے دعوے کر رہے ہیں،جس سے عوام میں شدید تشویش اور خوف کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ عطائی اور جعلی معالج بغیر کسی رجسٹریشن، تربیت یا اجازت نامے کےعلاقے بھر میں کلینک، حکیمی دکانیں اور زچہ بچہ مراکز چلا رہے ہیں،جہاں روزانہ خطرناک نوعیت کے واقعات پیش آ رہے ہیں، مگر کسی ادارے نے اب تک ایکشن نہیں لیا۔باوثوق ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بعض غیر رجسٹرڈ مراکز میں زچگی کے دوران اموات، غلط علاج سے پیچیدگیاں، اور مریضوں کی حالت بگڑنے کے متعدد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی (HRA)، ڈرگ انسپیکشن ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر غیر قانونی کلینکس، جعلی حکیموں اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے،تاکہ مزید انسانی جانیں ضائع ہونے سے بچائی جا سکیں۔علاقہ مشران نے کہا کہ حکومت اگر اس خطرناک رجحان پر قابو نہ پا سکی توعوام مزید خطرناک بیماریوں کا شکار ہو جائینگے،صحت کے نام پر دھندہ اب ناقابلِ برداشت ہے ۔اعلی حکام نوٹس لیں ۔