پشاور (مانند نیوز)پشتو فلم انڈسٹری کے مایہ ناز اور لیجنڈ اداکار بدر منیر کی 17ویں برسی کے موقع پر ایک شاندار تقریب نشتر ہال پشاور میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب کا اہتمام آل پاکستان بدر منیر فیڈریشن نے خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے باہمی تعاون سے کیا تھا۔تقریب میں ثقافت و فنون سے وابستہ نمایاں شخصیات نے شرکت کی، جن میں سنئیر اداکار آصف خان،اداکار و ہدایتکار عجب گل،ہدایتکار قیصر صنوبر، آل پاکستان بدرمنیر فیڈریشن کے چئیر مین جاوید یوسفزئی،عوامی نیشنل پارٹی کے کلچر سیکریٹری اکبر ہوتی ایڈوکیٹ،شاعر حشمت جاوید،شوبز لکھاری و ادیب حاجی اسلم خان،شاعر و ادیب سردار غمژن،اداکار بہادر علی،گل تاج،اداکارہ عینی خان،سعیدہ خان،گلوکارہ وصال خیال،بدرمنیر کے صاحبزادے اداکار سعید منیر،اداکار جمال آفریدی،اداکار نسیم پہلوان اور خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے عہدیداران شامل تھے۔تقریب کے دوران مقررین نے بدر منیر کے فنی سفر، ان کی فلمی خدمات اور پشتو سینما کی ترقی میں ان کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ بدر منیر نہ صرف پشتو فلم انڈسٹری کے پہلے سپر اسٹار تھے بلکہ انھوں نے اپنی شاندار اداکاری، محنت اور خلوص سے پشتو سینما کو پہچان بخشی۔ ان کی شخصیت نے ایک پورے عہد کو متاثر کیا اور آنے والی نسلوں کے لیے راہیں روشن کیں۔ مقررین نے کہا کہ بدر منیر ایک بااصول، محنتی اور قوم دوست فنکار تھے جنہوں نے اپنے کام کے ذریعے پشتون ثقافت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے حکومتِ خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا کہ بدر منیر کے نام پر ایک ثقافتی ایوارڈ یا یادگار قائم کی جائے تاکہ نوجوان فنکاروں کو ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی ترغیب ملے۔تقریب کے اختتام پر بدر منیر کی یاد میں دعا کی گئی۔