پشاور( مانندنیوز ) وومن یونیورسٹی مردان میں کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے سلسلے میں ”یومِ سیاہ“ کے موقع پر ایک پروقار سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں طالبات، اساتذہ، نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کی مہمانِ خصوصی معروف سماجی کارکن نصرت آراء تھیں جنہوں نے کشمیری عوام کے عزم و حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانی قوم کشمیری بہن بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔اس موقع پر یونیورسٹی کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر فاطمہ نے نصرت آراء کو ان کی سماجی خدمات اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے جذبے کے اعتراف میں خصوصی شیلڈ پیش کی۔تقریب کے دوران طالبات نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ٹیبلو، تقاریر اور ملی نغمے پیش کیے جبکہ ”یومِ سیاہ“ کے موقع پر منعقدہ پینٹنگ مقابلے میں حصہ لینے والی طالبات اور پروفیسرز کو سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔نصرت آراء نے کہا کہ طلبہ برادری ملک کا مستقبل ہیں اور ان کے اندر قومی یکجہتی کا جذبہ پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔