لوئر دیر (مانند نیوز ) جماعتِ اسلامی لوئر دیر نے ضلع بچاؤ مہم کا اعلان کر دیا، باقاعدہ مہم ٹھوس معلومات اکھٹا کرکے انسان المبارک کے مہینے کے بعد چلائیں گےاتوار کے روز اپنے ضلعی سیکرٹریٹ احیاء العلوم بلامبٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعتِ اسلامی لوئر دیر کے ضلعی سربراہ و سابق ایم این اے مولانا اسداللہ خان نے کہا کہ اس وقت ضلع مختلف مسائل کا شکار ہے کرپشن عروج پر ہے تعلیم اور صحت کے شعبے تباہی سے دوچار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جب لوئر دیر میں جماعتِ اسلامی کے منتخب اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی کا دور تھا تو یہ ضلع پورے صوبے میں تعلیمی میدان میں ٹاپ پر تھا، مگر موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں اور عدم توجہی کے باعث آج لوئر دیر میں تعلیم زوال کا شکار ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے لوئر دیر میں دیر یونیورسٹی کا منصوبہ ختم کر دیا، جبکہ بی ایس سسٹم برائےنام ہے طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ ضلع بھر میں تعلیمی شعبے میں دو ہزار سے زائد آسامیاں خالی پڑی ہیں جو حکومتی نااہلی کا واضح ثبوت ہیں۔ محکمہ تعلیم میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ کی آسانی عرصہ سے خالی ہے اور چارج ایک مرد افسر کو سونپ دیا گیا ہے۔ مولانا اسداللہ خان نے صحت کے شعبے کی بدحالی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کالج محض قبرستان کی حیثیت اختیار کر چکا ہے اور برائے نام چل رہا ہے۔ سرکاری نوکریاں کھلے عام خرید و فروخت کی نذر ہو رہی ہیں، جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں نہ علاج میسر ہے اور نہ ہی ادویات۔ آئی سی یو بند پڑا ہے اور پورا صحت کا نظام تباہی سے دوچار ہے۔ صحت کارڈ کے نام پر لوٹ مار جاری ہے اور غریب عوام رُل کر رہ گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کی رابطہ سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں، تمام سرکاری محکموں میں رشوت کا بازار گرم ہے، انہوں نے کہا کہ خال جاپان پل گزشتہ کئی سالوں سے بے یارو مددگار پڑا ہے علاقے کے عوام اپنی مدد آپ کے تحت پل تعمیر کرنے پر مجبور ہیں، حالانکہ وزیراعلیٰ خود اس علاقے کا دورہ کر کے پل کی تعمیر کا اعلان کر چکے تھے۔ضلعی امیر نے کہا کہ تیمرگرہ سٹی کو بیوٹیفکیشن کے نام پر کھنڈرات میں تبدیل کر دیا گیا ہے، بلدیاتی نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، جبکہ بجلی کے بھاری بلوں، کم وولٹیج اور ناروا لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ کھیلوں کے میدان ویران پڑے ہیں اور نوجوان نسل مایوسی کا شکار ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ 2021 تا 2025 کے دوران اینٹی کرپشن کی انکوائری میں ضلع لوئر دیر میں کروڑوں روپے کی کرپشن سامنے آئی تھی، مگر افسوسناک طور پر اب اس معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کی گئی ہے۔آخر میں مولانا اسداللہ خان نے کہا کہ اب خاموشی نہیں بلکہ احتساب کا وقت آ چکا ہے۔ جماعتِ اسلامی عوام کے حقوق کے تحفظ اور ضلع کو تباہی سے بچانے کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔پریس کانفرنس میں سابقہ قومی و صوبائی اراکینِ اسمبلی، بلدیاتی نمائندگان، جماعتِ اسلامی کے ضلعی نائب امراء، قیمین اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔