وانا (نمائندہ مانند) کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے جنوبی وزیرستان لوئر کے تقریباً دو سو طلبہ و طالبات کے لیے خصوصی تعلیمی ونٹر پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلے میں سویٹرز، اسکول بیگز اور اسکول یونیفارمز کی خریداری کے لیے امدادی چیک فرنٹیئر کور (ایف سی) ساؤتھ خیبر پختونخوا کے حوالے کر دیا گیا ہے، تاکہ مستحق طلبہ کو فوری سہولیات فراہم کی جا سکیں اور وہ سرد موسم میں بلا تعطل اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔اس اقدام پر قبائلی عمائدین، علاقائی مشران، جرگہ اراکین اور طلبہ کے والدین نے کور کمانڈر پشاور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم علاقے میں تعلیم کے فروغ، طلبہ کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے میں نہایت اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے عملی اقدامات نہ صرف طلبہ کی ضروریات پوری کرتے ہیں بلکہ والدین کے معاشی بوجھ میں بھی کمی لاتے ہیں۔ملک نور رحمن وزیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری جنوبی وزیرستان لوئر میں تعلیمی سہولیات کی بہتری، سماجی ڈھانچے کی مضبوطی اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے مسلسل اقدامات کر رہے ہیں، جو قابلِ ستائش ہیں۔ ان کے مطابق اس طرح کے تعلیمی منصوبے علاقے میں شعور، ترقی اور استحکام کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ملک نور رحمن وزیر نے مزید کہا کہ فرنٹیئر کور (ایف سی) ساؤتھ بھی علاقے میں غریب اور مستحق طلبہ و طالبات کی تعلیمی معاونت میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ ادارہ نہ صرف تعلیمی سہولیات اور وظائف فراہم کرتا ہے بلکہ کئی طلبہ کے کالج واجبات کی ادائیگی میں تعاون کر کے انہیں تعلیم جاری رکھنے کا موقع بھی فراہم کر رہا ہے، جو ایک قابلِ تحسین اقدام ہے۔قبائلی عمائدین نے امید ظاہر کی کہ ایسے مثبت اقدامات سے علاقے میں تعلیم کا معیار مزید بہتر ہوگا، نوجوان نسل کو ترقی کے نئے مواقع میسر آئیں گے اور جنوبی وزیرستان میں تعلیمی و سماجی استحکام کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔