شانگلہ(مانند نیوز)شانگلہ تحصیل بشام میں گرینڈ قومی جرگے کا انعقاد داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی مین ٹرانسمیشن لائن سے ہونے والے نقصانات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا، جرگے میں عمائدین علاقہ، قبائلی مشران، سماجی رہنماؤں اور متاثرہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔سو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی مین ٹرانسمیشن لائن سے ابتدائی منصوبے کے مطابق 20 کلومیٹر سے زائد طویل مین ٹرانسمیشن لائن تحصیل بشام کی حدود سے گزرے گی جس کی زد میں تقریباً 3500 کنال زمین آئے گی۔ شرکاء کے مطابق ٹرانسمیشن لائن کے نیچے آنے والی زمین میں سے تقریباً 300 فٹ چوڑی پٹی مکمل طور پر ناقابل استعمال ہو جائے گی جبکہ تحصیل بشام کی حدود میں تقریباً 65 بڑے کمبے نصب کیے جائیں گے۔ جرگے کے مطابق ایک کمبہ نصب کرنے کے لیے کم از کم ایک کنال زمین درکار ہوتی ہے جس کی مارکیٹ ریٹ کے مطابق ادائیگی یقینی بنانا ناگزیر ہیں۔جرگہ مشران نے واضح کیا کہ زیادہ تر متاثرہ زمینیں زرعی اراضی اور رہائشی مکانات پر مشتمل ہیں اس لیے کسی صورت اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ مین ٹرانسمیشن لائن آبادیوں اور کھیتوں کے اوپر یا قریب سے گزاری جائے۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ لائن کو آبادی اور زرعی زمینوں سے دور منتقل کیا جائے تاکہ عوام کو مالی و جانی نقصان سے بچایا جا سکے اورمارکیٹ ریٹ کے مطابق ادائیگی کویقینی بنایاجائیں کسی قسم کی تاخیرویقین دہانیوں پر کام کی اجازت نہیں دینگے۔شانگلہ کے عوام کیساتھ ہمیشہ واپڈاگردی ہوئی،وعدے اورتحریری معاہدے لینے کے باوجودان لوگوں کاہمیشہ استحصال کیاگیا جس کی مزیدکسی صورت متحمل نہیں ہوسکتے۔جرگے میں متفقہ طور پر 22 نکات پر مشتمل مطالبات کی منظوری دی گئی اور اعلان کیا گیا کہ ان نکات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائے بغیر کسی بھی آئندہ لائحہ عمل یا منصوبے پر بات چیت نہیں کی جائے گی۔ جرگہ مشران نے مزید مطالبہ کیا کہ ضلع شانگلہ میں واپڈا کے تمام بقایاجات معاف کیے جائیں۔ مقررین نے یاد دلایا کہ اس سے قبل رانیال اور کروڑا ڈیموں کی تعمیر کے دوران کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے گئے جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑاہیں۔لہٰذا اب مزید وعدہ خلافی برداشت نہیں کی جائے گی۔جرگے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے دوٹوک انداز میں کہا کہ شانگلہ ایک پرامن علاقہ ہیں یہاں کسی بھی قسم کی من مانی یا غنڈا گردی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں واپڈا کی جانب سے شانگلہ کے عوام کے ساتھ بار بار زیادتیاں کی گئی ہیں، مگر اب عوام اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہیں۔جرگے نے واضح کیا کہ بشام شہر پہلے ہی ایک انتہائی کمرشل علاقہ بن چکا ہے جہاں زمین نایاب ہو رہی ہے۔ 3500 کنال زمین کے مین ٹرانسمیشن لائن کی زد میں آنے سے نہ صرف عوامی مشکلات میں اضافہ ہوگا بلکہ کمبوں کی تنصیب کے لیے لنک سڑکوں کی تعمیر اور دیگر انتظامی امور سے بھی مزید مسائل جنم لیں گے۔ جرگے نے مطالبہ کیا کہ عوامی مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ مسلط نہ کیا جائے اور متاثرین کو مکمل اور منصفانہ معاوضہ دیا جائے۔جرگہ مشران نے کہاکہ شانگلہ کے عوام کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ مقامی وسائل پر سب سے پہلا حق مقامی عوام کا ہیں اور واپڈا کی جانب سے عوامی حقوق کی حق تلفی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ ناانصافی کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی اور علاقے کے مفادات کا ہر صورت دفاع کیا جائے گا۔ شانگلہ کے باشعور عوام متحد ہیں اور اپنے حقوق کے حصول کے لیے ہر آئینی و جمہوری راستہ اختیار کریں گے۔ یہ جرگہ عوامی شعور اور اتحاد کی ایک مضبوط مثال ہے۔منعقدہ جرگے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے مقامی مشران سمیت سماجی شخصیات،ٹریڈیونینز،وکلاء،صحافیوں ودیگرتمام سٹیک ہولڈرزنے شرکت کی اورجرگے کے تمام فیصلوں پرلبیک کہنے کا عزم کیا۔۔