شانگلہ(مانندنیوز)شانگلہ میں 2روڈ ٹریفک حادثات میں ایک جاں بحق،3 زخمی ہو گئے،ضلع شانگلہ کے مختلف علاقوں میں دو الگ الگ روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ دونوں حادثات میں ریسکیو 1122 شانگلہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے مریضوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال الپوری منتقل کردیا۔ان حادثات میں گری گاڑیوں کو کھائی سے ریکور کر لیا۔پہلا حادثہ شانگلہ کے علاقے الپوری مٹہ اعوان کے مقام پر پیش آیا جہاں ایک موٹر گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جاکر لوئی خوڑ میں ڈوب گئی۔ حادثے کے نتیجے میں ایک شخص ذاکرااللہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو شانگلہ کنٹرول روم نے ڈیزاسٹر ٹیم بمع ریسکیو وہیکل جائے حادثہ روانہ کی۔ ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ ورانہ انداز میں گاڑی کو کھائی سے ریکور کر کے لواحقین کے حوالے کیا جبکہ زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعد ازاں جاں بحق ہونے والے ذاکر اللہ کو آبائی علاقیمٹہ اعوان میں سپردخاک کر دیا گیا، جس میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔دوسرا حادثہ شانگلہ کے علاقے ڈھیری چینہ کے مقام پر پیش آیا جہاں ایک اور گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔ اس حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو شانگلہ کی ایمبولینس اور میڈیکل ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ریسکیو میڈیکل ٹیم نے زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال الپوری منتقل کر دیا۔اہل علاقہ نے ریسکیو شانگلہ کی بروقت اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں حادثات کی روک تھام کے لیے سڑکوں کی حالت بہتر بنائی جائے، حفاظتی باڑیں لگائی جائیں اور ڈرائیوروں میں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی مہم چلائی جائے۔