ہزارہ (مانند ) کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت جمعہ کے روز ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں گلیات ہوٹل ایسوسی ایشن کی جانب سے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے نوٹیفائیڈ علاقوں میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) ایبٹ آباد کی جانب سے سائن بورڈ اور بل بورڈ ٹیکس کے نوٹسز جاری کیے جانے پر اظہارِ تحفظات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد فواد، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم، اسسٹنٹ کمشنر، ٹی ایم او ایبٹ آباد اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) اور گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے نمائندوں نے اپنے اپنے قانونی مؤقف پیش کیے۔ دونوں اداروں کا مؤقف سننے کے بعد اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اختیارات اور دائرہ اختیار سے متعلق کسی بھی قانونی ابہام یا تنازعہ کو موجودہ قوانین اور متعلقہ قانونی فریم ورک کے مطابق حل کیا جائے گا، تاکہ کاروباری برادری، بالخصوص گلیات ہوٹل ایسوسی ایشن، کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ اس معاملے کے مستقل اور قانونی حل کے لیے صوبائی حکومت کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کیا جائے گا، جس میں درخواست کی جائے گی کہ معاملہ لاء ڈیپارٹمنٹ سے قانونی رائے حاصل کرکے نمٹایا جائے، تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے تنازعات سے بچا جا سکے اور متعلقہ اداروں کے اختیارات کے حوالے سے واضح رہنمائی میسر آ سکے۔