شانگلہ(مانند نیوز)نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈیولپمنٹ ضلع شانگلہ کے زیر اہتمام اے ایل پی مڈل ٹیک پروگرام کی اختتامی تقریب اور کیریئر کونسلنگ و آگاہی سیمینار ڈسٹرکٹ جرگہ ہال الپوری میں منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر شانگلہ محمد عبداللہ شاہ تھے۔تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد اورنگزیب، این سی ایچ ڈی شانگلہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر فضل محمد،گورنمنٹ سنٹینیل ماڈل ہائی سکول الپوری کے پرنسپل سعید الحسین، شانگلہ بار ایسوسی ایشن کے صدر سلیمان شاہ ایڈوکیٹ، سابق تحصیل ناظم شانگلہ طائف خان، تحصیلدار الپوری سکندر زمان، میڈیا نمائندگان، معززین علاقہ، سات مدارس کے مہتممین، اساتذہ اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ نوجوانوں کا روشن مستقبل معیاری تعلیم، فنی مہارت، مؤثر کیریئر پلاننگ اور اعلیٰ کردار سازی سے وابستہ ہے۔ اے ایل پی مڈل ٹیک پروگرام جیسے منصوبے نوجوانوں کو عملی زندگی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ مقررین نے پروگرام کی کامیاب تکمیل پر این سی ایچ ڈی، مدارس کے مہتممین، اساتذہ، طلبہ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر شراکت دار اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس نوعیت کے پروگراموں کے تسلسل پر زور دیا۔اختتامی تقریب میں پروگرام سے وابستہ تمام اساتذہ میں اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ ساتوں مدارس کے مہتممین کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔ پروگرام کے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تین طلبہ کو شیلڈز سے نوازا گیا جبکہ مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر محمد عبداللہ شاہ نے ہر طالب علم کے لیے پانچ ہزار روپے نقد انعام کا اعلان کیا۔ اسی طرح پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے والی دو طالبات کو خصوصی شیلڈز اور فی طالبہ پانچ ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔ اس طرح پانچ نمایاں طلبہ و طالبات میں مجموعی طور پر پچیس ہزار روپے کے نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں اور شرکاء کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیم، فنی تربیت اور کیریئر آگاہی کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم، مدارس، این سی ایچ ڈی اور دیگر اداروں کے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو بہتر تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع میسر آ سکیں۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے