پشاور(مانند نیوز) پاکستان الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) خیبرپختونخوا کی صوبائی کابینہ کا ماہانہ اجلاس مرکزی و صوبائی صدر حبیب خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے بھر سے تنظیم کے عہدیداران نے شرکت کی، جن میں پاکستان الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل ایسوسی ایشن ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال مردان کے صدر عبیداللہ، جنرل سیکرٹری حاجی محمد آمین اور دیگر نمائندگان بھی شامل تھے۔اجلاس میں تنظیمی امور، پیرامیڈیکل ملازمین کو درپیش مسائل، آئندہ کے لائحہ عمل اور تنظیم کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پیرامیڈیکل شعبے سے وابستہ ملازمین کے پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔اجلاس کے دوران صوبائی کابینہ کی آئینی مدت مکمل ہونے کے باعث نئی کابینہ کے انتخاب کے لیے باقاعدہ الیکشن شیڈول کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر شفاف، غیر جانبدار اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے نعمت شاہ آفریدی کی سربراہی میں الیکشن کمیشن تشکیل دیا گیا، جو مقررہ شیڈول کے مطابق انتخابی عمل کی نگرانی اور تکمیل کا ذمہ دار ہوگا۔اجلاس میں پیرامیڈیکس کی ترقیوں (پروموشنز) میں حائل تمام انتظامی اور قانونی رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے، پروموشن کے عمل کو تیز کرنے اور اہل ملازمین کو بروقت ان کا حق فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔اجلاس میں مختلف منصوبوں کے تحت خدمات انجام دینے والے پراجیکٹ ملازمین کی مستقلی کے معاملے پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ طویل عرصے سے خدمات انجام دینے والے ملازمین کو مستقل کیا جائے تاکہ ان کے روزگار کو تحفظ حاصل ہو اور وہ مزید اطمینان کے ساتھ صحت عامہ کے شعبے میں اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے سکیں۔مزید برآں، اجلاس میں گاوی (GAVI) پروگرام سے وابستہ پیرامیڈیکس کی اپ گریڈیشن کے معاملے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تنظیم پیرامیڈیکل ملازمین کے جائز حقوق، بہتر سروس اسٹرکچر، پیشہ ورانہ ترقی اور ملازمتی تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھے گی۔اجلاس کے اختتام پر اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل ایسوسی ایشن اپنے تمام ممبران کے مسائل کے حل، صحت کے شعبے میں خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور پیرامیڈیکل کمیونٹی کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے